ملک کے بدترین معاشی حالات اور ڈالر کی کمی کے باعث حکومت نے بیرون ملک جانے والے افراد پر بڑی پابندی عائد کر دی ہے۔

ایف بی آر نے بیرون ملک جانے والے افراد کو سالانہ 30 ہزار ڈالر سے زائد لے جانے پر پابندی عائد کردی ہے جب کہ افغانستان جانے والوں کو سالانہ 30 ہزار ڈالر لے جانے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔

اس حوالے سے ایف بی آر کی جانب سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بیرون ملک جانے والوں کو ایک وزٹ کے دوران زیادہ سے زیادہ 5 ہزار ڈالر ساتھ لے جانے کی اجازت ہوگی جب کہ 18 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد سالانہ 30 ہزار ڈالر لے جا سکتے ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق 18 سال یا اس سے کم عمر کے افراد بیرون ملک وزٹ کیلیے 2 ہزار ڈالر لے جا سکتے ہیں اور سالانہ زیادہ سے زیادہ 15 ہزار ڈالر ساتھ لے جانے کی اجازت ہوگی۔

ایف بی آر کا کہنا ہے کہ افغانستان جانے والے افراد ایک وزٹ پر ایک ہزار ڈالر لے جا سکتے ہیں اور سالانہ 6 ہزار ڈالر تک ساتھ لے جاسکتے ہیں۔

نوٹیفیکشن کے مطابق بیرون ملک جانے والے افراد کو سونا، زیورات یا قیمتی دھات سے متعلق ڈیکلیئریشن دینا ہوگی۔

نوٹیفکیشن میں بیرون ملک سے پاکستان آنے والے افراد پر بھی کرنسی کے حوالے سے کچھ شرائط عائد کی ہے جس کے مطابق بیرون ملک سے آنے والے افراد کو 10 ہزار ڈالرز یا زائد لانے پر بھی ڈیکلیریشن دینا ہوگی۔



from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/y2QXt1K