وزیراعظم شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز جلا وطنی ختم کرکے وطن واپس پہنچ گئے وہ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب اسلام آباد پہنچے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز جلا وطنی ختم کرکے وطن واپس پہنچ گئے وہ سعودی ایئر لائن ایس وی 726 کے ذریعے ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب اسلام آباد پہنچے۔ لاہور میں گھر پہنچنے پر شہباز شریف نے سلیمان شہباز کا استقبال کیا۔

وزیراعظم نے اپنے صاحبزادے کو گلے لگایا اور پھولوں کا ہار پہنایا۔ سلیمان شہباز کل اسلام آباد ہائیکورٹ سے راہداری ضمانت حاصل کریں گے۔

سلیمان شہباز کیسز کے باعث لندن منتقل ہوئے تھے۔ وہ کیسز میں اپنے والد وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ شریک ملزم ہیں۔ سلیمان شہباز 16 بلین کی منی لانڈرنگ کے مقدمے میں احتساب عدالت کو مطلوب ہیں۔ عدالت انہیں مفرور قرار دے چکی ہے۔

سلیمان شہباز کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست ضمانت بھی داخل ہے۔ جس میں موقف اختیار کیا ہے کہ میں 2018 سے بیرون ملک ہوں۔ میرے خلاف مقدمہ 2022 میں میری عدم موجودگی میں بنایا گیا۔ مجھے ایف آئی اے یا عدالت کی جانب سے پیشی کا کوئی نوٹس نہیں ملا۔

درخواست ضمانت میں کہا گیا ہے کہ عدالت کا مجھے مفرور قرار دیے جانے کا حکم قانون کے منافی ہے۔ استدعا ہے کہ عدالت مجھے مفرور قرار دیے جانے کا حکم واپس لے کر موقف پیش کرنے کا موقع فراہم کرے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے ان کی غیر حاضری میں درخواست ضمانت مسترد کرتے ہوئے ایئر پورٹ سے گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا تھا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس نے سلیمان شہباز کو 13 دسمبر کو پیش ہونے کا حکم دے رکھا ہے۔ وہ کل عدالت میں پیش ہوکر راہداری ضمانت لیں گے۔



from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/4omMXnd