راولپنڈی: حقیقی آزادی مارچ کا سونامی چل پڑا ہے، ملک بھر سے قافلوں کے راولپنڈی پہنچنے کا سلسلہ جاری ہے، خیمہ بستی بھی آباد کر دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات اقبال پارک میں چاند رات کا سماں رہا، پی ٹی آئی کارکنوں کا جوش وخروش عروج پر ہے، پارٹی پرچموں کی بہار اور ڈھول کی تھاپ پربھنگڑے ڈالتے ہوئے شرکا نے رات خیمہ بستی میں گزاری۔

ضلعی انتظامیہ نے فیض آباد کے قریب اسٹیج لگانے کی اجازت دینے سے انکار کیا تو مرکزی اسٹیج سکستھ روڈ فلائی اوور پر لگانا پڑا، فیض آباد انٹرچینج پر پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے، لانگ مارچ کے شرکا کو اسلام آباد میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔

راستوں پر کنٹینرز رکھ دیے گئے ہیں، فیض آباد بس اڈہ بھی سیل کر دیا گیا، آج میٹرو بس سروس بھی معطل رہے گی۔

ملتان سے قافلہ شاہ محمود قریشی کی قیادت میں راولپنڈی پہنچ گیا ہے، لانگ مارچ میں شرکت کے لیے ملک بھر سے قافلے چل پڑے ہیں، حماد اظہر کی قیادت میں قافلہ لاہور سے گوجرانوالہ پہنچ گیا، آج صبح جی ٹی روڈ پر نکلے گا۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کی قیادت میں کارواں راولپنڈی روانہ ہو چکا ہے، کوئٹہ سے بھی قافلے روانہ ہو گئے، خیبر پختون خوا کے عوام بھی آج راولپنڈی کا رخ کریں گے، جن کی قیادت پرویز خٹک کریں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کہتے ہیں کہ ستائیس سال کے دوران قوم میں ایسی بیداری نہیں دیکھی جیسی آج دیکھ رہا ہوں، میڈیا اور ارشد شریف جیسے افراد نے لوگوں میں شعور بیدار کیا، ملک میں سیاسی استحکام الیکشن سے آئے گا۔

عمران خان نے کہا میں غلامی پر موت کو ترجیح دوں گا، اچھی شروعات کرنی ہے تو ظلم کرنے والوں کو فارغ کریں، ادارے اپنی عزت خود بناتے ہیں، کبھی نہیں سوچا میرا کوئی آرمی چیف ہو، سب اداروں میں میرٹ پر لوگ لگنے چاہئیں، یہ سمجھتے ہیں جسے آرمی چیف لگائیں گے ان کے کام کرے گا، پہلے بھی کہا جسے بھی آرمی چیف لگائیں ادارے کے لیے کام کرے گا۔

برطانوی اخبار دی ٹائمز کو انٹرویو میں کہا میں نے مرنے کے خوف پر قابو پا لیا، چھبیس سال پہلے جب سیاست میں آیا تب سے جان خطرے میں ہے، وزیر آباد میں فائرنگ پہلا قاتلانہ حملہ نہیں تھا۔

ادھر وزیر داخلہ نے خبردار کیا ہے کہ عمران خان کی جان کو خطرہ ہے، جلسے میں دہشت گردی ہو سکتی ہے، انھوں نے عمران خان کو للکارا کہ آپ کو پنڈی سے الیکشن کی تاریخ نہیں ملے گی، الیکشن کی تاریخ لینی ہے تو سیاست دان بنیں، پارلیمنٹ میں آئیں، اور پی ڈی ایم کی قیادت کے ساتھ بیٹھیں۔



from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/q8ozDiL