فیفا ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں فرانس سے شکست کے بعد مراکش کے کھلاڑی میدان میں سجدہ ریز ہوگئے جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

گزشتہ شب قطر میں فیفا ورلڈ کپ 2022 کے دوسرے سیمی فائنل میں پہلی بار فائنل فور میں پہنچنے والی عرب مسلم ٹیم مراکش دفاعی چیمپئن فرانس سے شکست کھا گئی تاہم اس ہار کے باوجود مراکشی کھلاڑیوں نے میدان میں سجدہ شکر ادا کیا جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی اور کھلاڑیوں کی اس انکساری نے سب کے دل جیت لیے۔

سیمی فائنل کے پہلے ہاف کے ابتدائی لمحات میں ہی فرانس نے گول کرکے مراکش کی ٹیم پر دباؤ بڑھا دیا تھا جبکہ دوسرے ہاف میں 79 ویں منٹ میں دفاعی چیمپئن نے ایک اور گول داغ کر اپنی فتح یقینی بنا لی تھی۔

میچ کا اختتام فرانس کی فتح کے ساتھ ہوا لیکن بلند حوصلہ مراکش کے کھلاڑیوں نے اس کا غم منانے کے بجائے اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے گراؤنڈ میں سجدہ شکر ادا کیا۔

سوشل میڈیا پر خوبصورت جذبات سے لبریز یہ ویڈیو اور تصاویر وائرل ہوگئیں جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مراکشی کھلاڑیوں نے میچ کے اختتام پر گراؤنڈ سے باہر جانے سے قبل پہلے اپنے فینز کا شکریہ ادا کیا اور پھر میدان میں ہی اللہ تعالیٰ کی بارگاہ سجدہ شکر ادا کیا کہ اس نے مراکش کو فٹبال ورلڈ کپ کا سیمی فائنل کھیلنے والی پہلی عرب مسلم افریقی ٹیم کا اعزاز بخشا اور دنیا بھر میں عزت سے نوازا۔

 

اس موقع پر اسٹیڈیم میں موجود شائقین نے بھی مراکش ٹیم کے جذبے کا سراہا اور بھرپور تالیاں بجا کر ٹورنامنٹ میں شاندار کھیل پیش کرنے پر انہیں بھرپور داد دی۔

یہ بھی پڑھیں: فرانس، مراکش کو ہرا کر فائنل میں پہنچ گیا

مراکش کے کھلاڑیوں کے اس عاجزانہ عمل کو صارفین سوشل میڈیا پر خوب سراہ رہے ہیں۔



from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/PH1mFQ6