عتق: یمن میں چوری کی انوکھی واردات رپورٹ کی گئی ہے جس میں بتایا گیا کہ چور 60 میٹر اونچا سرکاری ٹیلی کام ٹاور لے اڑا۔

تفصیلات کے مطابق یمن کی شبوا گورنری کے دار الحکومت عتق شہر میں 60 میٹر اونچے ٹیلی کام ٹاور کی چوری کی واردات سامنے آئی ہے، یہ چوری یمنی حکومت کے زیر کنٹرول علاقے میں کی گئی ہے۔

مقامی ذرائع نے عتق کے جنوب میں "ہائی ٹرانسمیشن ہل” سے 60 میٹر طویل کمیونیکیشن ٹاور کے اچانک غائب ہونے کی تصدیق کی ہے۔

اس واقعے کے بعد حکومت کی طرف سےسکیورٹی کے انتظامات پر عوام کی طرف سے سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

شبوا کے گورنر کی جانب سے اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ عتق میں ایک مواصلاتی ٹاور پراسرار حالات میں گرا ہوا تھا جسے چور لوٹ کر لے گئے، تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ آیا چور پکڑے گئے یا نہیں۔

اس واقعے کے بعد یمن کی سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر حکومت پر تنقید کی جارہی ہے، کچھ صارفین نے گنیز بک آف ریکارڈز کی فہرست میں دنیا کی سب سے بڑی چوری کے طور پر شامل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

بعض لوگوں نے مقامی آبادی کے لیے ٹرانسمیشن سروس فراہم کرنے والے ٹاور کی چوری کو ستم ظریفی قرار دیا ہے۔



from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/Gu4xlK1