قومی اسمبلی کے ضلع کرم سے حلقہ این اے 45 پر ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ شروع ہوگئی ہے جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق قومی اسمبلی کے ضلع کرم سے حلقہ این اے 45 پر ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ کا آغاز ہوگیا ہے جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی، حلقے سے 16 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں تاہم اصل مقابلہ پی ٹی آئی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان اور پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار جمیل خان کے مابین ہے اور یہاں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔

حلقے میں ووٹرز کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 80 ہزار کے لگ بھگ ہے جن کے لیے 130 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، پولنگ کے موقع پر امن وامان کے قیام کے لیے پولیس سمیت دیگر سیکیورٹی اداروں کے اہلکاروں کی بڑی تعداد تعینات کی گئی ہے۔

ضمنی الیکشن کے حوالے سے ضلع میں خاصی سیاسی گہما گہمی دیکھنے میں نظر آ رہی ہے، صبح کے وقت ووٹرز کی تعداد قدرے کم ہے لیکن آہستہ آہستہ لوگ اپنے ووٹ ڈالنے کے لیے گھروں سے باہر آ رہے ہیں۔

واضح رہے کہ مذکورہ نشست ان 9 نشستوں میں شامل ہے جو اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی کے استعفے منظور کیے جانے کے بعد خالی ہوئی تھی، یہاں دیگر حلقوں کی طرح 16 اکتوبر کو ضمنی الیکشن ہونا تھا تاہم اس وقت امن وامان کے باعث اس حلقے میں الیکشن منسوخ کردیا گیا تھا۔

16 اکتوبر کو ہونے والے قومی اسمبلی کے سات حلقوں کے ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے 6 نشستوں پر کامیابی حاصل کرکے ریکارڈ بنایا تھا۔



from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/kJc2eoO